لورالائی; جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء وسابق صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور سردار حفیظ لونی نے کہا ہے کہ حکومت کی رٹ ہر صورت قائم کرینگے ،اتحادی حکومت کے نرم رو یہ کو پی ٹی آئی نے مذ اق سمجھ لیا ہے اور وہ فوج سمیت دیگر اداروں پر حملے کر رہے ہیں.
جسکا پی ڈی ایم کے رہنماوں اورحکومت نے سخت نوٹس لیا ہے اب کوئی نہیں بچ سکے گا۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے وفاق کے ساتھ محاز آرائی شروع کی تو اسکا سخت رد عمل بھی آسکتا ہے، عمران خان کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل پاک فوج سمیت اداروں کے خلاف بات کرینگے تو اسکے خلاف قانون کو حرکت میں لایا گیا ۔پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے کچھ ارکان نے خود میڈیا پر آکر کہا کہ ہمیں اوپر سے ہدایات ملتی تھی جسکا اشارہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کون لوگ تھے یہ سب کام بنی گالا سے ہو رہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں آئین کی بالادستی اور پارلیمان کی آزادی و خودمختیاری کے بغیر ملک آگے نہیں جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے سیاسی مسائل پر تمام سیاسی جماعتوں کو آخر کار ٹیبل ٹاک پر آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل گالم گلوچ الزام و تراشی اور ایک دوسرے کے ٹانگ کھینچنے سے حل کے بجائے مزید الجھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے قومی بیانیہ ووٹ کو عزت دو پر عملی طور پر عمل پیرا ہونے کی آج اشد ضرورت ہے میاں نواز شریف اس وقت کی ضرورت بنتے جارہے ہیں وہ الیکشن سے بھی بہت جلد وطن آجائیں گے وہ ملک کے سب سے پاپولر لیڈر ہیں عمران خان کا نواز شریف سے کسی صورت موازنہ نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں قانون پر عمل ہورہا ہے عمران خان کے لئے الگ قانون نہیں لاسکتے اگر پی ڈی ایم نے عمران خان کو گھر نہ بھیجا ہوتا تو وہ ملک میں ایک فاشسٹ حکومت قائم کرنے کا سوچ رہے تھے جسکو ناکام بنا دیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں 18 ویں ترمیم کے خاتمے کیلئے انہوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگا یا وہ ملک میں ون پارٹی سسٹم لانا چاہتے ہیں اور ہر کام اپنی مرضی کا سوچھتے ہیں جو کہ ناممکن بات ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے پر کام کر رہی ہے آج ملک میں مہنگائی کے خلاف جنگ ہم جیت رہے ہیں ڈالر گر رہا ہے اور روپیہ منظور ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب امن ترقی اور خوشحالی کا سنہرا دور آرہا ہے.
عام الیکشن ملک میں جمہوریت کے استحکام میں بڑا معاون ثابت ہوگا الیکشن اصلاحات کے بغیر عام الیکشن کوئی معنی نہیں رکھتی ہم ملک میں تاریخی اور مثالی الیکشن کرانے کیلئے پر عزم ہیں مولانا فضل الرحمان جلد بلوچستان کا دورہ کرینگے اور کئی اہم سیاسی رہنما جن میں سابق وزراء جے یو آئی میں سامل ہونگے ۔
انہوں نے کہاکہ ہماری جماعت آج بھی ملک کی سب سے بڑی قومی جماعت ہے جسکی جڑیں پورے ملک میں ہیں کارکن ہمارا اثاثہ ہیں مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان اور صوبائی امیر وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبد الواسع کی قائدانہ صلاحیتوں کے بدولت جماعت ملک اور صوبے میں فعال بن چکی ہے پارٹی اپنے کارکنان کو الیکشن میں انھیں اہم زمہ داریاں دیگی اور انھیں اگے آنے کا بھر پور موقع فراہم کرینگے۔