|

وقتِ اشاعت :   August 23 – 2022

اسلام آباد /کوئٹہ: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے تباہ حال بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور تعمیر نو کے عمل میں وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون کرے گی جبکہ ڈونرز کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔جنہوں نے پیر کے روز وزیراعظم سے انکے دفتر میں ملاقات کی ،اس موقع پر وفاقی وزراء احسن اقبال، سردار ایاز صادق، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان حافظ عبدالباسط سمیت وفاقی حکام بھی موجود تھے ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم کو بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال اور تباہ کاریوں سے آگاہ کیا اور وفاقی حکومت سے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کی دوبارہ بحالی کے لئے معاونت کی درخواست کی ۔وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم کو بلوچستان میں جاری وفاق کے ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور وفاقی منصوبوں کی فنڈنگ کو تیز تر اور بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی بھی درخواست کی ۔

وزیراعظم میاں محمد شہبا ز شریف نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کریگی ۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کو پہلے ہی بلوچستان میں امدادو بحالی کی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کے سیلاب زدگان کی دوبارہ بحالی کے لئے ڈونرز کانفرنس بلانے کے فیصلے پر بھی اتفاق کیا ،وزیراعظم نے وفاق کے جاری منصوبوں کے فنڈز بھی جلد جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔دریںاثناء حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کیلئے ڈونر کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پیر کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی سے متعلق امور پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ حکام کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیربرائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اویس لغاری، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور متعلقہ اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کہاکہ بین الاقوامی اداروں کو ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی جائے اور انہیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ریلیف اور بحالی کی کاوشوں سے آگاہ کیا جائے۔

وزیر اعظم نے مخیر حضرات سے پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرانے کی اپیل کیا اور 40 ہزار خیمے اور 01 لاکھ راشن کے پیکٹس فی الفور متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور آبادکاری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی ۔دریں اثناء دوزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب میں پھنسے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور متاثرین کو خیمے، اشیا خوردونوش اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے نتیجہ میں سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی فوری ہدایات دیں۔ انہوں نے سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ سیلاب متاثرین کو خیموں، اشیاء ِ خوردنوش اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور متاثرین کو فوری طور پر 25 ہزار روپے فی خاندان فلڈ ریلیف کیش پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد میں کسی بھی قسم کا تعطل یا غفلت کسی صورت منظور نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مشترکہ سروے کی تکمیل اور مکمل بحالی تک سیلاب متاثرین کی فوری مدد میں کسی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے۔ وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ انفرا سٹرکچر کو متاثرہ جگہوں تک امداد پہنچانے کیلئے بحال کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے پی ڈی ایم اے ، این ڈی ایم اے ، بلوچستان حکومت اور وزارتِ منصوبہ بندی کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے نتیجہ میں سیلاب سے نقصانات اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشن سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وفاقی وزیر براقتصادی امور سردار ایاز صادق اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔