|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2022

پولیس افسران اور خاتون جج کو دھمکیوں کے مقدمے کے بعد دفعہ 144 کے مقدمے میں بھی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت منظور ہو گئی۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت سے ضمانت کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں ضمانت کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد پہنچے۔

عمران خان کی ایف ایٹ کچہری آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو کچہری میں جانے کی اجازت نہیں تھی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں 7 ستمبر تک ان کی ضمانت منظور کر لی۔

عدالت کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ضمانت کے لیے 5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے پولیس کو بھی 7 ستمبر کو مقدمے کے ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شہباز گل کی حمایت میں احتجاجی جلسہ کیا تھا جس پر عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔