|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2022

کوئٹہ;  بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب کے باعث ناقابل تلافی جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں وفاقی حکومت، عالمی ادارے بلوچستان کے سیلاب زدگان کے سر پر ہاتھ رکھیں اور انکے لئے خصوصی پیکج تشکیل دیں تاکہ سیلاب زدگان کی دوبارہ بحالی ممکن بنائی جاسکے،

بی اے پی کے ضلعی رہنماء اپنے علاقوں میں ہونے والے نقصانات سے پارٹی سیکرٹریٹ کو آگاہ کریں، کوئٹہ شہر کے 34نالوں کی صفائی کے لئے 7کروڑ روپے جاری کردئیے گئے ہیں پارٹی کو منظم بنا کر صوبے کی سب سے بڑی جماعت بنائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سیکرٹری ملک خدابخش لانگو، انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم آغا، ارباب شائستہ خان کاسی، حاجی فوجان بڑیچ، شاہ زمان غلزئی، چوہدری شبیر، روز اے جان، عمران ترین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ بی اے پی کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں سیلاب سے اتنی بڑی تباہی کبھی نہیں ہوئی دیہاتوں کے دیہات اور گاؤں کے گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں اس وقت بلوچستان کے عوام جس قرب سے گزر رہے ہیں اسکا احساس ہے ہماری ہمدردی اور تمام تر کاوشیں سیلاب زدگان کے لئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہی کے صوبے پر دیرپا اثرات مرتب ہونگے زراعت، غلہ بانی، زمینداری سمیت تمام شعبے جن سے لوگوں کا روزگار وابستہ تھا تباہ ہوگئے ہیں عوام کے نقصانات کا ازالہ کرنا تقریبا ناممکن ہے ایسی صورتحال میں وفاقی حکومت، عالمی اداروں، مخیر حضرات کو چاہیے کہ بڑھ چڑھ کر بلوچستان کی امداد کریں تاکہ وہ لو گ جو سیلاب کے بعد اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کریں گے انہیں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زمینداروں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں،انکے واجبات کو معاف کیا جائے، زمین ہموار کرنے کے لئے بلڈوزر آور، سڑکوں کی بحالی کے لئے خصوصی پیکج تشکیل دیکر مواصلاتی نظام بحال کیا جائے۔سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ کارکنوں ہمارے دست و بازو ہیں انکے بغیر پارٹی ادھوری ہے تمام کارکن ملکر پارٹی کی فعالیت کے لئے اپنا کردار اداکریں کارکنوں کے جتنے بھی مسائل ہیں انہیں نہ صرف سنیں گے بلکہ حل کرنے کے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کو صوبے کی سب سے منظم اور بڑی جماعت بنائیں گے صوبے بھر میں پارٹی کارکنوں کی تجاویز پر کام شروع ہوگئے ہیں جلد ہی کارکن بہتری محسوس کریں گے۔