کوئٹہ: تندور ایسوسی ایشن بلوچستان کے چیئرمین نعیم خلجی نے بلو چستان میں گیس، بجلی آٹے، پانی کی قلت کے باعث 7ستمبر سے بلوچستان بھر میں تندور بند کر نے کا اعلان کر دیا۔
یہ اعلان انہوں نے تندور ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر عبد الحمد خلجی سمیت دیگر کے ہمراہ اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے گزشتہ سال جو نرخنامہ دیا گیا اب وہ منظور نہیں اس وقت ملک بھر کی طرح بلو چستان میں بھی آٹے اور گیس کی قیمتوں میں شدید اضا فہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ صوبے میں آٹا،گیس،بجلی اور پانی کی قلت کے باعث اب تک 140تندور بند ہو چکے ہیں جبکہ صوبے کے دیگر تمام تندور بھی 7ستمبر سے بلوچستان بھر میں بند کر کے تند ور کی چابیاں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے حوالے کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ مجسٹریٹس کی جانب سے تندور والوں کو بھاری جرمانے کئے جارہے ہیں جس سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کر چکے ہیں لیکن ہما رے مسائل حل کر نے کے بجائے ہمارے مسائل کو ٹال مٹو ل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں دکانوں کے کرائیوں سمیت دیگر ضرورت کے اخراجات میں 180فیصد اضافے سمیت صوبے میں آٹے، گیس قلت کے باعث ہم تندور بند کر نے مجبو ر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اگر ہمیں آٹا، بجلی، گیس فراہم کر تی ہے توہم تندور کھلیں بصورت دیگر بلو چستان بھر کے تمام تندور بند کر دئے جائیں گے۔