|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2022

وفاقی وزیر برائے قومی صحت (این ایچ ایس) عبدلقادر پٹیل نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے داخلہ امتحان غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیے گئے ہیں اور صوبوں سے مشاورت کے بعد انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق عبدلقادر پٹیل نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے تقریباً 1300 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج میں داخلے کے لیے ضروری ہیں، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ سیلاب کے باعث کیا گیا ہے۔

ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس امتحانات میں پاس ہونے کا تناسب 65 اور 55 فیصد سے کم کر کے 55 اور 45 فیصد کر دیا گیا ہے، گریجویٹس کے لیے نیشنل لائسنسنگ امتحان (این ایل ای) کی ضرورت نہیں ہو گی۔

وفاقی وزیر عبدلقادر پٹیل نے تسلیم کیا کہ ہر صوبے کا الگ نصاب ہے لیکن ایم ڈی کیٹ وفاقی سطح پر کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 ہفتوں کے لیے پورٹل پی ایم سی کی ویب سائٹ پر فراہم کیا جائے گا، جس کے تحت طلباء کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے گا کہ وہ کس صوبے سے ایم ڈی کیٹ کا امتحان دینا چاہتے ہیں البتہ انہوں نے انتظامات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں، ان کا کہنا تھا کہ طریقہ کار طے کر کے چند دنوں میں اعلان کر دیا جائے گا۔

تقریباً 2 لاکھ امیدواروں سے ایم ڈی کیٹ کا امتحان دینے کے لیے درخواست موصول ہوئی ہیں، کچھ امیدواروں نے اس اعلان پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ ’ہم نے امتحان کے لیے فیس جمع کروادی ہے لیکن ضرورت پڑنے پر یہ فیس دوسرے صوبے میں کیسے منتقل کی جائے گی؟

عبدلقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ 9 رکنی پی ایم سی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اتھارٹی میں بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے پی ایم سی کے 7 اراکین کے نام خارج کردیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایم سی اراکین کی جانب سے 100 درخواستیں موصول ہوئیں جس میں پی ایم سی کے اراکین کے لیے سرچ کمیٹی قائم کی گئی تھی، ان کا کہنا تھا کہ قابل امیدواروں کے نام وزیراعظم کو بھیج دیے گئے تھے جن میں سے 7 اراکین کو نامزد کیا گیا ہے۔

پی ایم کے نامزد ممبران میں جواد امین خان، چوہدری سلطان منصور، ایم شہیر کسبتی، پروفیسر ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ، پروفیسر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی، ڈاکٹر ایم زبیر خان اور ڈاکٹر خورشید احمد نسیم شامل ہیں، ان ممبران میں سے ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایم سی کے کل 9 ارکان ہیں، جن میں سے 7 ارکان وزیر اعظم نامزد کرتے ہیں، اور 2 ممبران مسلح افواج کے جنرل سرجن اور وزارت صحت کے سیکریٹری جنرل اور سابقہ ​​رکن ہوتے ہیں۔