|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2022

کوئٹہ:  وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد کے اثرات میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کی روک تھام اہم ہے،حکومت صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لئے ضروری وسائل فراہم کریگی،سیلابی علاقوں میں وبائی امراض سے بچاؤ کی خصوصی ویکسینیشن مہم کا فوری آغاز کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پر قابو پانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کر نے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ماں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت اور غذائیت کے پروگرام پر موثر طور پر عملدرآمد اور متاثرہ علاقوں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز،لیڈی ہیلتھ وزیٹرز اور ایم این سی ایچ پروگرام کا آغاز کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں اور مراکز صحت میں اضافی لیڈی ڈاکٹرز کی تعیناتی اوروبائی امراض سے بچاؤ کی خصوصی ویکسینیشن مہم کا فوری آغاز کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ سیلاب کے نقصانات کے علاوہ خواتین اور بچوں کی صحت کا تحفظ ایک بڑا چیلنج ہے سیلاب کے بعد کے اثرات میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کی روک تھام اہم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ تمام چیلنجز خصوصی توجہ کے متقاضی ہیںحکومت صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لئے ضروری وسائل فراہم کریگی۔