کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کو ئٹہ سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں شہداء کربلا کے چہلم کے جلوسوں کے بخیر و خوبی اختتام پزیر ہونے پر اظہار اطمینان کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے چہلم جلوسوں کی حفاظت کے لئے موثر انتظامات پر انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس لیویز ایف سی اور انتظامیہ شاباش اور مبارکباد کی مستحق ہے وزیراعلیٰ نے صوبائی دارلحکومت کو ئٹہ کے چہلم کے سب سے بڑے جلوس کو فول پروف سیکیورٹی اور سہولتوں کی فراہمی پر ڈپٹی کمشنر ڈی آئی جی اور ایس ایس پی آپریشن کی کارکردگی کو سرِاہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے امن امان اور ہم آہنگی برقرار رکھنے میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور سول سوسائیٹی کے موثر کردار کو بھی قابل تعریف قرار دیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی محنت اور قربانیوں کی بدولت آج بلوچستان میں دوبارہ سے امن و استحکام آرہاہے بلوچستان کے عوام پاک فوج پولیس لیویز اور ایف سی کی قربانیوں کی دل سے قدر کرتے ہیں اور عوام حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا پختہ عزم رکھتے ہیں وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبے میں قائم امن کی فضاء ہر صورت برقرار رکھی جائیگی۔