|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2022

 

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ نصیر آباد ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کی صورتحال کی بہتری کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہاہوں متاثرین کی بروقت امداد و بحالی،سیلابی پانی کی نکاسی اور وبائی امراض کی روک تھام اولین ترجیح ہے جسکے لیئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صوبائی وزیر میر عبدالغفور لہڑی اور صوبائی وزیر میر سکندر عمرانی سے نصیر آباد ڈویژن کی سیلابی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کیا

جنہوں نے وزیراعلیٰ کو متاثرین کے مسائل سے بھی کیا صوبائی وزرا نور محمد دمڑ مبین خان خلجی میر ضیا لانگو رکن صوبائی اسمبلی مولوی نور اللہ اور سینیٹر محمد عبدالقادر بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی نے متاثرہ اضلاع میں جاری امدادی سرگرمیوں وبائی امراض خاص طور سے ملیریا پر قابو پانے اور سیلابی پانی کے اخراج کے لیئے جاری اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا

کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں تمام حکومتی مشنری سرگرم عمل ہے اور انہوں نے آج خود بھی نصیر آباد ڈویژن کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال اور اقدامات کا جائیزہ لیا ہے و زیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پورے بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بے پناہ نقصانات ہوئے ہیں اور اور ہمارے عوام شدید طورپر متاثر ہوئے ہیں ہمیں اپنے عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت اور پاک فوج سمیت تمام ادارے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور محکمہ صحت کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ نصیر آباد میں سیلاب متاثرین کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے پی ڈی ایم اے کی جانب سیگزشتہ روز بڑی تعداد میں ضروری ادویات نصیر آباد بھجوائی گئی ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے دوست ممالک بالخصوص ترکیہ کے مشکور ہیں جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں بلوچستان کے متاثرین کے لیئے بھرپور امداد بھیجی۔