اسلام آباد: سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے مونیٹائزیشن سسٹم کو وسعت دینے کا اعلان کردیا ہے۔نئے پروگرام کے تحت صارفین کےلیے شارٹس ویڈیوز سے پیسے کمانا ممکن ہوجائے گا۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کےاپنے مونیٹائزیشن سسٹم کو وسعت دینے کے حوالے سے اعلان کیا گیا ہے۔
اس وسعت کے نتیجے میں زیادہ تخلیق کار یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بن سکیں گے۔2023 کے آغاز سے شارٹس ویڈیوز پوسٹ کرنے والے یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے کے لیے ان صارفین کو 90دن کے اندر ایک ہزار سبسکرائبرز اور ایک کروڑ شارٹس ویوز کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔یہ نئے پارٹنرز یوٹیوب پلیٹ فارم پر شارٹس اور طویل دورانیے کی ویڈیوز میں اشتہارات کے ذریعے پیسے کما سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق طویل دورانیے کی ویڈیوز بنانے والے افراد بھی ایک ہزار سبسکرائبرز اور4 ہزار واچ آورز کا ہدف حاصل کرکے پارٹنر بننے کی درخواست دے سکتے ہیں۔
یعنی اب زیادہ صارفین اس پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں۔اس ماڈل کے تحت اشتہارات سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم میں سے 45 فیصد صارفین خود رکھ سکیں گے جبکہ باقی رقم شارٹس ویوز کی بنیاد پر میوزک لائسنس رکھنے والوں اور دیگر میں تقسیم کی جائے گی۔
یوٹیوب کی جانب سے کریئٹر(creator) میوزک نامی سیکشن بھی متعارف کرایا جائے گا۔اس سیکشن سے صارفین میوزک کیٹلاگ تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے اور میوزک لائسنس بھی خرید سکیں گے جس سے ان کے لیے زیادہ آمدنی کا حصول ممکن ہوجائے گا۔
اس نئے باب کی صورت میں،یوٹیوب اپنے 2 ملین سے زائد پارٹنرز کو آمدن کے مواقع پیش کرتا ہے۔ پارٹنر پروگرام کی توسیع پلٹ فارم پر تخلیق کاروں اور فنکاروں کے لیے ہر قسم کے مختلف تخلیقی فامیٹس میں توسیع کے مزید مواقع فراہم کرے گی۔