|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کے گھر پر نامعلوم افراد دستی بم کا حملہ کرکے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات 22 ستمبر کی رات پیش آیا۔ نامعلوم حملہ آوروں نے کوہاٹ میں شہریار خان آفریدی کے آبائی گھر کو دستی بم سے نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جب کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر شہریار آفریدی کے گھر پر ہونے والے حملے سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شہریار آفریدی کے گھر میں کریکر بم سے حملہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کریم ان کی حفاظت فرمائے اور پاکستان کے دُشمنوں کو نیست و نابود فرمائے۔

سابق وزیر مملکت برائے داخلہ ایم این اے شہریار آفریری کے حجرے پر گزشتہ رات دستی بم حملہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

قبل ازیں ڈی پی او کوہاٹ شفیع اللہ گنڈہ پور نے جائے وقوعہ کا دورہ اور ملزمان کو سی ٹی ڈی کے تعاون سے جلد گرفتار کے جانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔