|

وقتِ اشاعت :   September 24 – 2022

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ماہر قانون دان حامد خان کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان نے عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھوپنا۔

تحریک انصاف کے بانی رکن اور ماہر قانون حامد خان نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے دوریوں اور پھر قربت کی وجہ جیو نیوز کو بتا دی۔

جیو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے حامد خان کا کہنا تھا عمران خان سے اختلاف جہانگیر ترین اور علیم خان کی پارٹی میں شمولیت اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس فائل کرنے پر تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلے ہی کہا تھا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان پارٹی ہائی جیک کرنے آئے ہیں، عمران خان کی اقتدار سے بےدخلی میں جہانگیر ترین اور علیم خان کا بڑا ہاتھ ہے، دونوں نے ہی عمران خان کی پیٹھ میں چُھرا گھونپا۔

حامد خان کا کہنا تھا جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف وزیراعظم کے ریفرنس پر واضح کر دیا تھا کہ ایماندار اور قابل جج پر ریفرنس مخصوص قوتوں نے کروایا جسے وقت نے بھی ثابت کیا کہ جہانگیر ترین، علیم خان اور قاضی فائزعیسی کے معاملے میں میرا موقف درست تھا۔

ان کا کہنا تھا صورتحال واضح ہونے پر عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو میرے پاس بھیجا کہ سفر وہیں سے شروع کرتے ہیں جہاں سے چھوٹا تھا۔

رہنما تحریک انصاف حامد خان نے فواد چوہدری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری بھیجے گئے ہیں، ان کا مقصد عمران خان اور پارٹی کو نقصان پہنچانا ہے۔

یاد رہے کہ حامد خان اس سے پہلے بھی فواد چوہدری کے حوالے سے مختلف بیانات دے چکے ہیں۔