اسلام آباد: وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ذیلی ادارہ یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 21 ارب روپے مالیت کے دس پراجیکٹس کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے منظورکردہ منصوبوں کے تحت ہائی سپیڈ براڈبینڈ سروسز اور آپٹیکل فائبر کیبل کے ان منصوبوں سے چاروں صوبوں پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے پسماندہ اور دوردراز علاقوں میں کینکٹوٹی سروسز فراہم کی جائیں گی۔
یونیورسل سروس فنڈ کےبورڈ آف ڈائریکٹرز کا 83واں اجلاس ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج)وزارت آئی ٹی محسن مشتاق کی زیرصدارت منعقد ہوااجلاس میں چئیرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامرعظیم باجوہ، ممبر ٹیلی کام عمر ملک، سی ای او ٹیلی نار عرفان وہاب خان اور دوسرے حکام نے شرکت کی۔
سی ای او یونیورسل سروس فنڈ حارث محمودچوہدری نے اجلاس کو موجودہ منصوبوں پر ورکنگ کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے10 پراجیکٹس کی منظوری پر یو ایس ایف کی ٹیم اور بورڈ ممبران کو مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کےلیے وزارت آئی ٹی نے اپنے ذیلی ادارہ یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے ایک اور مربوط اقدام کیا ہے۔یہ پراجیکٹس سماجی برابری، دور دراز علاقوں میں روزگار کے مواقعوں کی فراہمی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور ڈیجیٹل لیٹریسی میں مددگار ثابت ہوں گے۔یہ بات خوش آئند ہے کہ ہم کینکٹوٹی و سمارٹ فون فار آل پالیسی کےراستے پرگامزن ہیں اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
جبکہ یو ایس ایف کےبورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری (انچارج) وزارت آئی ٹی و چیئرمین یو ایس بورڈ محسن مشتاق نےکہاکہ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی قیادت میں یونیورسل سروس فنڈ نےپچھلے چار سالوں میں 79 منصوبوں کا ٹھیکہ دے کر ریکارڈ پرفارمنس دی ہے۔ انٹرنیٹ کی رسائی اور انفراسٹرکچر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئی۔
انہوں نے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے حصول کےلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔
سی ای او یونیورسل سروس فنڈ حارث محمود چوہدری نے اجلاس کو بتایا کہ ان پراجیکٹس سے ملک کے دوردراز علاقوں میں رہنے والے 33 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گےیوایس ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں منظور ہونے والے کل منصوبوں میں سے سات اعشاریہ ایک بلین روپے کے پانچ پراجیکٹس ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے ہیں جن کے تحت پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے دورراز ضلعوں میں فور جی سروسز فراہم کی جائے گی۔
ان منصوبوں سے ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ،ملتان، راجن پور،جام شورو، بارکھان، موساخیل، شیرانی اور سبی کے 262 موضوں میں رہنے والے لوگ مستفید ہوں گے۔چھ ارب روپے کی لاگت کے دو منصوبے نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ کے ہیں جبکہ کل منصوبوں میں سے سات اعشاریہ سات بلین روپے کے تین براجیکٹس خیبرپختونخواہ اور پنجاب کی 187 یونین کونسلز کو آپٹیکل فائبر کیبل سے منسلک کرنے کے ہیں۔