موبائل فون کی جعلی سمیں عوام اور متعلقہ اداروں کیلئے بدستور درد سر بنی ہوئی ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جعلی سموں اور سیلیکان انگوٹھوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
جعلسازی سے حاصل کی گئی سموں کا، غیر قانونی کاموں اور مالیاتی فراڈ میں استعمال کے پیش نظر ایف آئی اے نے عوام کو جعلی سمز مافیا سے بچانے کیلئے آپریشن تیز کر دیا۔
دستاویز کےمطابق 2022 میں اب تک جعلی سموں کی 88 ہزار 156 شکایات موصول ہوئیں ۔ جعلی سموں کےذریعے وارداتوں کےخلاف 24 ہزار853 مقدمات درج ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سائبر کرائمز ونگ رواں سال6 ہزار 106 سیلکون انگوٹھے برآمد کر چکا ، 15 ہزار 211 جعلی سمیں اور 15 بائیومیٹرک ڈیوائسز بھی قبضے میں لی گئیں۔
سرکاری دستاویزمیں بتایا گیا ہے کہ 2021 میں جعلی سموں سےمتعلق ایک لاکھ 2ہزار 772 شکایات ملی تھیں ۔ گذشتہ 3 برسوں کے دوران 79 ہزار 559 جعلی انگوٹھے برآمد کئے جا چکے ہیں۔