امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے نیا آئی فون 14 انڈیا میں تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایپل نے اپنی مصنوعات کی پروڈکشن کے لیے چین پر انحصار کم کرنے کے بعد انڈیا میں نئے آئی فون کی تیاری کا کہا ہے۔
رواں ماہ کے شروع میں ایپل نے نیا آئی فون 14 لانچ کیا ہے جس میں حفاظتی فیچرز متعارف کرنے پر زیادہ زور دیا گیا۔
تجزیہ کار جے پی مورگن کے اندازے کے مطابق سال 2022 کے آخر میں آئی فون کی پروڈکشن کا پانچ فیصد انڈیا میں منتقل ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ چین کے بعد سمارٹ فون کی دوسری بڑی مارکیٹ انڈیا میں ہے۔
جے پی مورگن نے کہا کہ سال 2025 تک ہر چار آئی فونز میں سے ایک انڈیا میں تیار کیا جائے گا۔
دو ہفتے قبل متعارف ہونے والا آئی فون 14 دو سائز میں موجود ہے یعنی معمول کے آئی فون 14 اور بڑی سکرین یا ڈسپلے کے ساتھ آئی فون 14 پلس۔
نئے فون میں سیٹلائٹ کے ذریعے ایمرجنسی کال بھیجنے کی صلاحیت بھی موجود ہے جبکہ گاڑی کو ممکنہ حادثے کی نشاندہی کرنے والا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
ایپل نے آئی فون کے ساتھ واچ الٹرا کی بھی رونمائی کی ہے لیکن لوگوں کی توجہ کا مرکز نیکسٹ جنریشن کے آئی فون اور ایئر پاڈ ہی ہیں۔