|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2022

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جانب سے 25 ستمبر کو یوم قارئین قومی اخبارات منانے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے صحافت ہمارے ملک اور معاشرے کا چوتھا ستون ہیں جو معاشرے شعور اور آگہی رکھتے ہیں ان میں پڑھنے کا جذبہ زیادہ ہوتا ہے اور وہ بہتر طور سے اپنے فرائض اور لوگوں کے حقوق کی ادائیگی سے باخبر ہوتے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد سچی اور مستند خبروں کو آگے پھیلانا ہے اور افواہوں اور جھوٹی خبروں کی نفی کرنا ہے کیونکہ کہ ایسی خبروں سے معاشرے میں انتشار پھیلتا ہے، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں کو تصدیق کیے بغیر انہیں عوام تک پہنچایا جاتا ہے جس کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے یہ دور انفارمیشن وار فیئر کا ہے غلط خبروں کے پھیلانے سے معاشرے میں انتشار کو فروغ ملتا ہے،

انہوں نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار فیئر دراصل ایسی جھوٹی اور من گھڑت خبروں کو پھیلانا ہے جس سے معاشرے میں عدم استحکام اور عمومی بے چینی کی کیفیت کو دوام دیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر جھوٹی خبروں کے ذریعے ہمارے ملک کے اہم اداروں اور سالمیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں اس کے لیے ضروری ہے کہ ہماری نوجوان نسل میں اخبارات کے مطالعہ کو فروغ دیا جائے اور اس دن کو منانے کا مقصد بھی یہی ہے انہوں نے کہا کہ ماضی کے اوراق پلٹنے سے ہمیں یہ پتہ چلتا ہے جب تک ہمارے نوجوان اخبارات کا مطالعہ قاعدگی سے کرتے تھے تو وہ کسی بھی بیرونی ایجنڈے کے آلہ کار نہیں بنتے تھے

آج بھی اخبارات کے مطالعہ کی اس دلچسپی کو واپس بھرپور انداز سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام مستند اور تصدیق شدہ خبروں پر اعتماد کریں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کی جانب سے یہ ایک احسن اقدام ہے جس کی صوبائی حکومت بھی بھرپور طور سے تائید کرتی ہے انہوں نے ملک کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ مستند خبروں کے لئے زیادہ سے زیادہ اخبارات کا مطالعہ کریں اور غیر مستند اور جھوٹی خبروں سے اجتناب برتیں تاکہ معاشرے میں دائمی امن اور استحکام کی فضا کو قائم رکھا جا سکے