|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2022

چھٹے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف دیا ہے، کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چھٹا ٹی 20 میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جارہا ہے، انگلینڈ نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے، آخری اوور میں گرین شرٹس نے 19 رنز بٹورے۔

 

پاکستان کو ابتداء سے ہی مشکلات کا سامنا رہا، وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں تاہم بابر اعظم انگلش بولرز کے سامنے ڈٹے رہے، انہوں نے 57 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

افتخار احمد 31، حیدر علی 18 اور محمد نواز 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حارث 7، شان مسعود صفر اور محمد آصف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی اور سام کورن نے 2، 2 جبکہ ریس ٹوپلے اور رچرڈ گلیسن نے ایک ایک شکار کیا۔

سات میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 3-2 کی برتری حاصل ہے اور پاکستان یہ میچ جیتا تو سیریز بھی اپنے نام کرلے گا۔

 

 

چھٹے میچ میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، وکٹ کیپر محمد رضوان انجری کے سبب میچ نہیں کھیل رہے انکی جگہ نوجوان وکٹ کیپر محمد حارث اپنا ڈیبیو میچ کھیلیں گے۔

حارث سہیل کی جگہ شاہنواز دھانی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، مارک ووڈ اور کرس ووکس کو آج کا میچ نہیں کھلایا جائے گا۔

پاک انگلینڈ سیریز صرف کرکٹرز نہیں بلکہ کرکٹ فینز کے اعصاب کا امتحان بھی لے رہی ہے، میچ کا فیصلہ کبھی آخری وکٹ تو کبھی آخری گیند پر ہوتا ہے۔

پانچویں ٹی 20 میں 6 رنز سے فتح نے بابرالیون کو سیریز میں تین، دو کی برتری دلادی تھی۔

ٹی 20 سیریز کرکٹ ڈپلومیسی کا ذریعہ بھی بن گئی ہے، پانچویں میچ میں امریکا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے سفیر بھی سنسنی خیز میچ سے لطف اندوز ہوئے۔

پاکستان کے پاس میچ جیت کر سیریز میں چار،دو کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔

فاسٹ بالر نسیم شاہ بھی نمونیا سے صحتیاب ہوکر ہوٹل پہنچ گئے مگر کرونا کی وجہ سے قرنطینہ میں رہیں گے۔