|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2022

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) اور اینگرو اینگرو انرجی لمیٹڈ کے درمیان معاہدے کے موقع پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ایم ڈی سالڈ ویسٹ زبیر احمد چنہ، سی ای او اینگرو انرجی یوسف صدیقی، ہیڈ آف بزنس ڈیولپمنٹ اینگرو انرجی عثمان حسن کے علاوہ میڈیا کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق ، شہر کی صفائی اور ترقی کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، آج کا یہ معاہدہ اسی سلسلے کی کڑی ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور اینگرو انرجی کے کچرے کا ایک پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے سندھ حکومت کے اقدامات میں شامل ہونے کے اقدام کو سراہتے ہیں۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ ریفیوزڈ۔ڈیرائیوڈ فیول (آر ڈی ایف) پر کام پچھلے سال شروع کیا تھا یہ شہر کو کلین اینڈ گرین کرنے کی جانب اقدامات کا حصہ ہے، ایسے دیگر پروجیکٹ پر بھی کام کر رہے ہیں تاکہ کچرے کو ری سائیکل کرکے اس کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ پاکستان کا پہلا صوبہ بنا جس نے اپنی کابینہ سے کچرے سے توانائی بنانے کی منظم پالیسی منظور کروائی، پالیسی کے تحت کچرے کو ری سائیکل کرکے توانائی اور آر ڈی ایف بنایا جا سکے گا، اس مقصد میں نجی اداروں نے بھی اپنا کردارادا کیا ہے۔

ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، یہ معاہدہ بھی اسی کی کڑی ہے، جس کے تحت کچرے کو ری سائیکل کرکے کارآمد بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اینگرو انرجی لمیٹڈ اس پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے اپنے تکنیکی اور مہارتی وسائل استعمال کرے گا، جس کیلئے ایس ایس ڈبلیو ایم بی اینگروانرجی مینجمنٹ کو جام چاکرو لینڈ فل سائٹ اور گوند پاس لینڈ فل سائٹ تک رسائی فراہم کرے گا۔

زبیر چنہ کا کہنا ہے کہ اینگرو انرجی کی درخواست پر مطالعاتی مقصد کیلئے تمام معلومات اور میٹیریل فیکٹس فراہم کئے جائیں گے، مطالعہ کی انجام دہی کے مقصد کیلئے ہر ماہ ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی پیشگی منظوری کے بعد انہیں 10 ٹن کچرا فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر سی ای او اینگرو انرجی لمیٹیڈ یوسف صدیقی نے کہا کہ اینگرو انرجی کا مقصد ہمیشہ سے پاکستان کے اہم ترین مسائل حل کرنا رہا ہے، ایک مرتبہ پھر حکومت سندھ کے ساتھ مل کر کچرے کے دیرینہ مسئلے کا حل تلاش کرنے کے اہم منصوبے پر کام کرنے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم ماحول دوست توانائی کے منصوبے کو نافذ اور اسے فروغ دینے کے منتظر ہیں جو کہ آنیوالی نسلوں کیلئے روشن اور پائیدار مستقبل کی ضمانت ہوگا۔