|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2022

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے، عمران خان نے ملک کے ساتھ جو کیا وہ ناقابل قبول ہے، سائفر غائب ہے، پرنسپل سیکریٹری کہتے ہیں سائفر وزیراعظم عمران خان کو دیا تھا، پاکستان میں ایک سیریس سیکیورٹی بریچ ہوئی، آئین اور قانون کے تحت ایکشن لیں گے۔

لاہور میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وفاقی وزراء اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک سیریس سیکیورٹی بریچ ہوئی، کسی ملک میں نیشنل سیکیورٹی بریچ کی اجازت نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے نکالا گیا، عمران خان نے اس کو سازش کا بیانیہ بنادیا، آڈیو لیکس سے عمران خان کا پول کھل گیا، سازش اپوزیشن نے نہیں بلکہ تحریک انصاف نے خود کی تھی۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ قانون کی دھجیاں اڑانے کا ذمہ دار عمران خان ہے، عمران خان نے پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کردیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے تمام چیزوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے، کابینہ نے پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں شامل ہیں، اگر ہم اس پر ایکشن نہیں لیتے تو اپنی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکام رہتے ہیں، آئین سے غداری کریں گے اگر اس کو منطقی انجام تک نہ لے کر جائیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سائفر غائب ہے، سابق پرنسپل سیکریٹری کہتے ہیں کہ سائفر میں نے سابق وزیراعظم عمران خان کو دیدیا تھا، یہ اقدام ناقابل قبول ہے، آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت آئین اور قانون کے مطابق اس کو آگے لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چار سال کا جو گند تھا چار پانچ مہینے میں صاف نہیں ہوسکتا تھا، میاں شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے دن رات ایک کرکے کوشش کی، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ تباہی کو روکیں، اس میں کافی حد تک کامیابی کی امید ہے، اس کے بعد تباہی کو ترقی کی طرف لے کر جائیں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اتنے قلیل عرصے میں بڑے چیلنجز آئے، پاکستان نے وزیراعظم، کابینہ کے ساتھ، پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر ڈیفالٹ کا خطرہ ٹال دیا، کرنسی میں کئی ہفتوں بعد بہتری آنا شروع ہوگئی، 1300 سے 1500 ارب روپے کا قرضہ کم ہوگیا، عوام کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف دیا ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید بہتری نظر آئے گی، میڈیا بھی کچھ چیزیں نمایاں کررہا ہے، تھوڑا سا وقت دیں، دیکھیں گے کہ کوشش ہوگی ہر فیلڈ میں بہتر پرفارم کریں۔