انڈین میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ایک بار پھر بند کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو بھارت نے حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ایک بار پھر بلاک کردیا ہے، بھارتی میڈیا نے بند کیے گئے پاکستانی ٹوئٹر اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا ایجنسی اے این آئی کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت میں حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کیا گیا ہو، متعصب مودی حکومت اس سے قبل بھی اپنے عوام کو حقائق سے بے خبر رکھنے کیلئے پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرچکی ہے جسے بعد میں بحال کر دیا گیا تھا۔
پاکستان نے ابھی تک بھارتی میڈیا میں رپورٹ ہونے والی ان خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
رواں سال جون میں بھی بھارت میں مختلف پاکستانی سفارت خانوں، صحافیوں اور کچھ اہم شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر پابندی لگائی گئی تھی جس پر پاکستان کی وزارت خارجہ نے مذمتی بیان جاری کرکے بھارتی اقدام پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے اس معاملے کو ٹوئٹر کے ساتھ بھی اٹھایا تھا اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھارت میں پاکستانی اکاؤنٹس کو بحال کرائے۔