|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2022

سندھ ہائی کورٹ ( Sindh High Court ) نے صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا نام مستقل ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔

صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن اور دیگر کے خلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کرپشن کے معاملہ پر سندھ ہائی کورٹ نے پیر 3 اکتوبر کو شرجیل میمن کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا نام مستقل ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر فیصلہ سنایا۔ سماعت کے دوران راجہ علی واحد ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے شرجیل میمن کی ضمانت منظور کرتے وقت نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا، شرجیل میمن کو ملک سے باہر جانے کے لئے بار بار اجازت لینا پڑتی ہے، شرجیل میمن ٹرائل کورٹ میں باقاعدگی سے پیش ہو رہے ہیں، ان کا کا نام مستقل ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

 

نیب اور وفاقی حکومت کے وکیل نے بھی شرجیل میمن کا نام مستقل ای سی ایل سے خارج کرنے کی حمایت کی، جس پر عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد شرجیل میمن کی نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی۔