تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر انتظامیہ نے راستے بند کرنے کے لئے کینٹینرز منگوا لئے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے رہنماؤں اور کارکنوں کو لانگ مارچ کی تیاری کے حکم کے بعد وفاقی حکومت نے بھی لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کی جانب جانے والا مرکزی راستہ فیض آباد اور دیگر داخلی راستوں کی بندش کیلئے اسلام آباد انتظامیہ نے کنٹینرز منگوا لئے ہیں۔
راستوں کی ممکنہ بندش کے لئے کنٹینرز فیض آباد پہنچا دیئے گئے ہیں، اور اب تک 300 کے قریب کنٹینرز سڑکوں کے کنارے رکھے گئے ہیں، جب کہ وفاقی حکومت کی جانب سے رینجرز، ایف سی اور پولیس کی 30 ہزار کی اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔
گزشتہ روز وزيراعظم شہبازشريف کی زيرصدارت ہونے والے اجلاس ميں اتحادی جماعتوں نے واضح کرديا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، اور کسی کو بھی دارالحکومت پر یلغار کی اجازت نہيں دی جائے گی۔
حکومتی اتحادی جماعتوں کا کہنا تھا کہ اداروں کو آئین کی راہ سے ہٹانے والا غدار، سازشی اور فسادی ہے، آئین شکن کو قانونی نکیل ڈالنا خود آئین کا تقاضا ہے، جب کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کو بھی خبردار کيا گيا کہ عمران خان کی آلہ کار بننے سے باز رہیں۔