|

وقتِ اشاعت :   October 9 – 2022

کامران ٹیسوری کو سندھ کا نیا گورنر تعینات کردیا گیا ہے۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کامران ٹیسوری کو سندھ کا نیا گورنر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ صدر مملکت نے منظوری آئین کے آرٹیکل 101 کی ذیلی شق ایک کے تحت دی۔

گورنر سندھ کا عہدہ عمران اسماعیل کے استعفیٰ کے بعد سے خالی تھا۔

 

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان میں مسلم لیگ فنکشنل سے شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی رہنما کامران ٹیسوری نے گزشتہ ماہ ستمبر میں ہی جماعت میں واپس شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

کامران ٹیسوری نے 9 ستمبر کو پارٹی سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان میں پہلی بار اختلافات اس وقت سامنے آئے تھے جب سال 2018 میں سابق سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس وقت کے تنظیمی ذمہ داران اور رابطہ کمیٹی نے اس فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فاروق ستار کو فیصلے پر نظرثانی کا کہا تھا اور یہ معاملہ اس حد بگڑ گیا تھا کہ فاروق ستار نے پارٹی سربراہی سمیت تنظیم سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

کامران ٹیسوری کو پارٹی کے اندر اس تقسیم کا ذمہ دار سمجھا جاتا رہا ہے جس کے نتیجے میں ڈاکٹر فاروق ستار پارٹی سے الگ ہوئے۔

کاروباری شخصیت کامران ٹیسوری کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر پارٹی مزید ایم کیو ایم بہادر آباد اور ایم کیو ایم-پی آئی بی میں تقسیم ہو گئی تھی جو اس وقت ڈپٹی کنوینر تھے اور ڈاکٹر فاروق ستار کے پسندیدہ تھے۔