ملک میں سیلاب سے متاثر ہونے والے مزدوروں کی مدد اور بحالی کے ورک فار کیش اسکیم کا آغاز کردیا گیا۔
کوئٹہ میں وفاقی وزیرساجد حسین طوری نے سیلاب سے متاثرہ تفریحی مقام ہنہ اوڈک کا دورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا ، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔
وفاقی وزیرساجد طوری کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلاب سے 36 لاکھ مزدور متاثر ہوئے ہیں، بلوچستان سمیت ملک بھر میں متاثرہ مزدوروں کی مدد اور بحالی کے ورک فار کیش اسکیم کا آغازکردیا گیا ہے۔
ساجد طوری کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر شہری کا روٹی، کپڑا اور مکان کا مسئلہ حل ہو، اس لیے چاروں صوبوں کے ورکرز ویلفیئر بورڈز کو فلیٹس و لیبرز کالونیوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق متاثرہ مزدوروں کو اب روزگار کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں، سیلاب متاثرین کو اپنا ہی گھر تعمیر کرنے کے لیے روزانہ ایک ہزار روپے یومیہ مزدوری دی جائے گی، تاکہ ان کا گھر بھی تعمیر ہو جائیں اور انہیں روزگار بھی مل جائے۔