کراچی حیدر آباد سپر ہائی وے پر مسافر بس میں آگ لگ گئی، واقعے میں 12 افراد جھلس کر جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے، مرنے والے سیلاب متاثرین تھے جو کراچی سے واپس خیرپور ناتھن شاہ جارہے تھے، ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
پولیس کے مطابق کراچی حیدر آباد سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب مسافر بس میں آگ لگ گئی، واقعے میں کم از کم 12 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس سیلاب متاثرین کو لے کر کراچی سے خیرپور ناتھن شاہ جارہی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق چلتی گاڑی میں پیچھے کی جانب آگ لگی جس نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں اور پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے اور جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سماء کو موصول تفصیلات کے مطابق حادثے کا شکار ہونیوالے بڑی مسافر بس میں 50 سے زائد مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
پولیس نے بس میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے نوری آباد کے قریب مسافر کوچ میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اور ایس پی جامشورو کو متاثرین کی مدد کرنے اور انتظامیہ کو جائے وقوعہ پر ایمبولینس بھیجنے کی ہدایات کردی۔
مراد علی شاہ نے زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کرنے اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہر قسم کے تعاون کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے انسانی جانوں ے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کراچی حیدرآباد موٹر وے پر بس میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو سے تفصیلات کرلیں، انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ ریسکیو عمل کو تیز کرکے انسانی زندگیوں کو بچایا جائے، زخمی مسافروں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
چیف سیکریٹری نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ سے مسافر کوچ کی فٹنس کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی، سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ صوبے میں چلنے والی مسافر بسوں کی فٹنس کا معائنہ کیا جائے۔