|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2022

کوئٹہ: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے سابق سینیٹر و سینئر سیاستدان نوابزادہ لشکری رئیسانی سے ملاقات میں بلوچستان کے طلباء کے لئے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میںبلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کے تعلیمی اخراجات کا پچاس فیصد وفاقی حکومت ادا کریگی تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیںوزیراعظم نے بلوچستان کے اسکالر شپ کوٹے کو بحال،اس میں مزید اضافے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بلوچ پشتون طلباء￿ کے مسائل کے فوری حل ، خاران میں بلوچستان یونیورسٹی کے سب کیمپس میں ہاسٹل کی تعمیر مستونگ میں وومن یونیورسٹی کے قیام اور اندرون بلوچستان ڈیجیٹل لائبریریز کے قیام کی بھی یقین دہانی کرائی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے وزیر اعظم ہاوس میں ملاقات کی، ملاقات میں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے وزیراعظم سے بلوچستان کے طلباء کو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں درپیش مسائل کے حل کا مطالبہ کیا۔

ملاقات میں نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں مخصوص نشستوں پر زیر تعلیم طلباء کو ہاسٹل میں الاٹمنٹ نہ دینے، طلباء کے داخلے منسوخ کرنے اور ان سے پچاس فیصد فیس طلب کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ، نوابزادہ لشکری رئیسانی نے وزیراعظم سے بلوچستان کے طلباء کیلئے اسکالرشپ کوٹے کو بحال کرنے کے ساتھ اس میں مزید اضافہ کرنے خاران میں بلوچستان یونیورسٹی کے سب کیمپس میں ہاسٹل کی تعمیر، مستونگ میں وومن یونیورسٹی کے قیام، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ڈیجیٹل لائبریریز کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کو طلباء کو درپیش مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت پنجاب کے تعلیمی اداروں میںبلوچستان سے تعلق رکھنے والے سکالر شپ پر زیر تعلیم طلبہ و طالبات کے تعلیمی اخراجات کا پچاس فیصد ادا کریگی۔

بلوچستان کے طلباء کے لئے مختص تعلیمی کوٹے میں اضافہ کیا جائے گا ساتھ ہی انہیں رہائشی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔وزیراعظم نے خاران میں بلوچستان یونیورسٹی کے سب کیمپس میں ہاسٹل کی تعمیر مستونگ میں وومن یونیورسٹی کے قیام کی بھی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں ڈیجیٹل لائبریریز کے قیام کیلئے بھی موثر اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

دریں اثناء وزیراعظم میاںمحمدشہباز شریف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ آج پنجاب کے تعلیمی اداروں میںبلوچستان سے تعلق رکھنے والے سکالر شپ پر زیر تعلیم طلبہ و طالبات کو درپیش مالی مسائل میرے علم میں لائے گئے ہیں جس پر میں نے ہدایت جاری کی ہے کہ ان تمام طلباء کے تعلیمی اخراجات کا پچاس فیصد وفاقی حکومت ادا کرے گی تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنی تعلیم جاری رکھیں سکیں۔