|

وقتِ اشاعت :   October 22 – 2022

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق توشہ خانہ ریفرنس کیس کے تحریری فیصلے میں تاخیر پر الیکشن کمیشن پر تنقید کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے بعد تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تحریری فیصلہ کیوں روک کر بیٹھا ہے؟

اسد عمر نے تاخیر پر اظہار حیرت کرتے ہوئے سوال کیا کہ اب کیا کھچڑی پک رہی ہے؟۔

قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی نااہلی ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کی ایک پیشی کی مار ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مبہم، غیر آئینی قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اس فیصلے میں سقم ہے۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے بھی توشہ خانہ ریفرنس کیس کے فیصلے کو جانب دارانہ اور سازش قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔