|

وقتِ اشاعت :   October 28 – 2022

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر وسابقہ صوبائی وزیر حاجی میر علی مدد جتک نے عمران خان کے بیانیئے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کو چاہئے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور اپنے سیاسی مقاصد اور فتنہ سازیوں کے لئے ملکی اداروں پر الزام تراشیوں کے بجائے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں کہ اس نے اپنے چار سالا دور اقتدار میں پاکستان کے عوام کو کیا دیا ہے۔

سوائے جھوٹ اور فتنہ سازیوں کے پاک فوج اور ملکی اداروں پر الزام تراشیوں اور بھونڈے الزامات لگا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں سائفر خان ہرگز کامیاب نہیں ہو نگے کیونکہ وطن عزیز کے عوام ان کے مکروہ مقاصدِ سے اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں۔

حاجی میر علی مدد جتک نے کہا کہ شہید صحافی ارشد شریف کے حوالے سے جھوٹا پروپیگنڈا کر کے وہ مارچ کو کامیاب کرنا چاہتے ہیں مگر اس نے دیکھ لیا ہے کہ عوام نے ان کے لانگ مارچ کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے جبکہ شہید صحافی ارشد شریف کے حوالے سے فیصل واڈا نے جو پریس کانفرنس کی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سائفر خان اور پی ٹی آئی ارشد شریف کے قتل میں ملوث ہے جس کا پی ٹی آئی اور عمران خان کو حساب دینا ہوگا۔