|

وقتِ اشاعت :   October 28 – 2022

بلوچستان میں صحت کے شعبے پر خطیر رقم ہر بجٹ میں مختص کرنے کے باوجود کوئی بڑی تبدیلی دیکھنے میں نہیںآ رہی ۔ بلوچستان کے سب سے بڑے سرکاری اسپتالوں سے لے کر چھوٹے بڑے شہراوردیہاتوں کے سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کے مسائل اپنی جگہ برقرار ہیں۔ پچھلی حکومتوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلاب لایاجائے گا عوام کو ان کی دہلیز پر تمام تر سہولیات میسرآئینگی مگر افسوس کہ صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ بلوچستان کے غریب عوام علاج معالجے کی غرض سے دیگر صوبوں کا رخ محض اس لیے کرتے ہیں کہ بلوچستان کے اسپتالوں میں سہولیات دستیاب نہیں جسے دیکھنا ضروری ہے تاکہ غریب عوام کی مشکلات میں کمی آسکے۔گزشتہ روز چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے فاطمہ جناح چیسٹ ڈیزیز انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ صحت کا شعبہ انتہائی اہم اور ضروری ہے، اس کی ترقی اور ہسپتالوں کو جدید دور کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات اور عام آدمی کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کا عزم ہے اور اس شعبہ کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طب کا پیشہ ایک مقدس پیشہ ہے اور ڈاکٹر عوام کی خدمت باالخصوص شعبہ طب میں انسانی جذبے اور احسن طریقے سے اپنے فرائض سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں اور ڈاکٹروں کو ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہترین سہولتیں ملنا ان کا حق ہے اورحکومت یہ حق ان کو ہر قیمت پر فراہم کرے گی اور اس مقصد کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہ عوام کو معیاری طبی سہولتو ں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معیاری ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید مشینر ی بھی جلد مہیا کی جائے گی تاکہ عوام کو طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہوں۔

چیف سیکرٹری نے ہسپتال میں 6 بستروں پر مشتمل وینٹیلیٹر آئی سی یو، آکسیجن پلانٹ اور تھوراسک سرجری وارڈ کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے اسپتال کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے یقین دہانی بھی کرائی۔ بلوچستان حکومت کو چاہئے کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جو مسائل اس وقت سرکاری اسپتالوں میں موجود ہیں انہیں فوری حل کیا جائے تاکہ عوام دیگر صوبوں میں علاج کے لیے جانے پر مجبور نہ ہوں۔ ماضی کے تجربات کو مدِ نظررکھتے ہوئے بڑے پیمانے پرحکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اس اہم شعبے کے اندر موجود معاملات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے انہیں حل کرنے کے لیے تمام تروسائل بروئے کار لائینگے تاکہ عوام کا دیرینہ مسئلہ صحت کے حوالے سے حل ہوسکے۔