|

وقتِ اشاعت :   October 28 – 2022

ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست کے بعد زمبابوے کے صدر ایمرسن ڈیمبڈزو مننگواگا نے اپنی ٹیم کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ٹیم کا مذاق بھی اڑایا جس پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انہیں بھرپور جواب دیتے ہوئے کھیل کو اس کی روح کے مطابق کھیلنے کا سبق سکھایا۔

گزشتہ روز پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی تھی۔

اس شکست کے بعد قومی ٹیم کو ناقص کارکردگی بالخصوص ابتر بیٹنگ پر شدید تنقید کا سامنا ہے لیکن شائقین کرکٹ کو اس وقت شدید حیرانی ہوئی جب زمبابوے کے صدر نے شکست پر پاکستانی ٹیم کا مذاق اڑانے کی کوشش کی۔

دراصل زمبابوے کے صدر 2016 میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دے رہے تھے جب پاکستانی مزاحیہ اداکار آصف محمد نے زمبابوے کا سفر کیا تھا اور وہاں خود کو عالمی شہرت یافتہ مزاحیہ کردار ’مسٹر بین‘ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی حالانکہ یہ کردار مشہور اداکار رونی ایٹکنسن نے ادا کیا ہے۔

زمبابوین صدر کا یہ انداز پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ وزیراعظم شہباز شریف کو بھی ہرگز پسند نہ آیا اور انہوں نے صدر ایمرسن کو اس کا بھرپور جواب دیا۔

شہباز شریف نے جواب دیا کہ شاید پاس اصل مسٹر بین نہیں لیکن ہم کرکٹ کو اس کی حقیقی روح کے مطابق کھیلتے ہیں اور ہم پاکستانیوں کی جاندار انداز میں واپسی کرنے کی مضحکہ خیز عادت ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے اس کے ساتھ ساتھ زمبابوے کے صدر کو فتح پر مبارکباد بھی دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔

واضح رہے کہ زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 130رنز بنائے، محمد وسیم جونیئر نے میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مستقل مسائل سے دوچار رہی اور مقررہ اوورز میں قومی ٹیم 129رنز ہی بنا سکی۔

اس میچ میں شکست کے ساتھ ابتدائی دونوں میچوں میں ناکامی سے دوچار ہونے والی قومی ٹیم کے ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات انتہائی معدوم ہو گئے ہیں۔