|

وقتِ اشاعت :   November 9 – 2022

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے علامہ محمد اقبال کا 146واں یوم ولادت آج منایا جاریا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔

علامہ اقبال کے فلسفہ خودی سے آگاہی اور موجودہ حالات میں اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

یوم ولادت کی مناسبت سے گورنر پنجاب میااں بلیغ الرحمان اور سیکٹر کمانڈر ستلج رینجرز بریگیڈئیر راجا اشفاق احمد سمیت دیگر اہم سیاسی و سرکاری شخصیات نے مزار اقبال پر حاضری دی، انہوں نے فاتحہ کوانی کی اور پھول چڑھائے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہبازشریف نے شاعر مشرق کے یوم پیدائش پر اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم پرزور دیا ہے کہ وہ پاکستان کو علامہ محمداقبال کے خواب کے مطابق بنانے کا عہد کرے جہاں امن، سیاسی برداشت اوربھائی چارے کا دوردورہ ہو۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہاکہ ہم برصغیرکے مسلمانوں کے لئے الگ ملک کا تصور دینے پر علامہ اقبال کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں جہاں وہ اپنی زندگیاں اپنی مذہبی ،سماجی اورثقافتی اقدار کے مطابق اور ہندو اکثریت کے خوف کے بغیر بسر کرسکیں۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں قوم پر زور دیا کہ اگر اقبال کے پاکستان کی حفاظت کرنی ہے تو خوداحتسابی کواپنائے جو لاکھوں لوگوں کی قربانیوں اور شاندار جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا تھا۔