وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس وین پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 6 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں اور پورا ملک ان کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس نے دہشتگردی کے خلاف ہر اول دستے کا قابل فخر کردار ادا کیا ہے، خیبرپختونخوا حکومت شہداء کو اعزازات اور شہدا پیکج دے۔
ان کا کہنا تھا شہدا کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر داخلہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی لکی مروت حملے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کر لیا۔
محمود خان کا کہنا تھا پولیس شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، وزیراعلیٰ محمود خان نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔