|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2022

1947 میں چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے کیرئیر کا آغاز کرنے والی بھارتی اداکارہ اور  بھارتی ٹیلی ویژن کے پہلے ٹاک شو ’پھول کھلے ہیں گلشن گلشن ‘کی میزبان تبسم انتقال کرگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  اداکارہ تبسم کے بیٹے ہوشانگ نے میڈیا کو بتایا کہ والدہ کو چند روز  قبل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، انھیں معدے کے مسائل تھے اور  ہم ان کے روٹین چیک اپ کے لیے اسپتال  گئے تھے تاہم انھیں جمعے کے روز دو مرتبہ  دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجے میں وہ انتقال کرگئیں۔

اداکارہ کے بیٹے کا مزید کہنا تھا کہ والدہ  بالکل صحت مند تھیں، ہم نے 10 دن قبل ہی پروگرام کی عکسبندی کی تھی اور اگلے ہفتے پھر شوٹنگ  کا پلان تھا۔

یاد رہے کہ اداکارہ تبسم نے 1947 میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام شروع کیا تھا اور وہ بے بی تبسم کے نام سے مشہور تھیں، انہوں نے 1972 سے 1993 تک پھول کھلے ہیں گلشن گلشن کی میزبانی کی۔

2006میں وہ پروگرام ’پیار کے دو نام، ایک رادھا، ایک شیام‘ سے ٹی وی اسکرین پر واپس آئی تھیں۔

دلکش چہرے، خوبصورت آواز  اور دوٹوک سوال کے سبب 78 سالہ تبسم آخری وقت تک اپنےشوزکے سبب مداحوں میں خوب مقبول رہیں جبکہ برصغیرکی پاپ کوئین نازیہ حسن کا خوبصورت انٹرویو بھی تبسم کے ساتھ یادوں کا حصہ بن گیا۔