|

وقتِ اشاعت :   November 28 – 2022

کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے کے حالات آئیڈیل نہیں،20سال سے جاری دہشت گردی کے اثرات موجود ہیں ،حکومت صوبے کی جیلوں میں اصلاحات لانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار صوبائی وزیرداخلہ نے کوئٹہ میں ڈسٹرکٹ جیل کے دورہ کے موقع پرمیڈیانمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جیل دورے کا مقصد صوبیکی جیلوں میں اصلاحات لاناہے، قیدیوں کیلئے بہترسہولیات،اچھاکھانا،تعلیم اورہنرکی فراہمی سے متعلق اصلاحات کامنصوبہ ہے اسی مقصدکیلئے جیل آیاہوں،قیدیوں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے صوبے میں امن وامان کی خراب صورتحال سے متعلق صحافی کے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے حالات آئیڈیل نہیں،20سال سے جاری دہشت گردی کے اثرات موجود ہیں ۔

گزشتہ سال کی نسبت اس سال دہشت گردی کے واقعات بڑھے لیکن گزشتہ 20سال کی نسبت صورتحال میں واضح کمی آئی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں انڈسٹریل تھانے میں قیدی سے تشدد کیواقعہ کودیکھ رہے ہیں،انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیرداخلہ نے ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کی بیرکس اورکچن کابھی معائنہ کیا، کچن میں قیدیوں کیلئے تیار کردہ کھانا بھی چکھا۔ اس سے قبل صوبائی وزیرداخلہ ضیاء اللہ لانگو نے آئی جی جیل خانہ جات کے دفتر کا بھی دورہ کی اور آئی جی جیل خانہ جات سمیت دیگر جیل حکام سے ملاقات کی۔