|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2022

قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ پر فرانس کو شکست دے کر بالآخر 36 برس بعد ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ فاتح بن گیا ہے۔ 

قطر کے لوسیل سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو پینلٹیز میں چار کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

ارجنٹینا نے 1978 اور 1986 میں ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔ 

ورلڈ کپ کے فائنل میں پہلے ہاف میں ہی ارجنٹینا نے فرانس کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل کرلی تھی، ارجنٹینا کی جانب سے پہلا گول لیونل میسی نے 23 ویں منٹ میں پینلٹی پرکیا جبکہ دوسرا گول اینجل ڈی ماریہ نے 36 ویں منٹ میں کیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹینا کو دو صفر سے برتری حاصل تھی مگر میچ کے آخری 11 منٹوں میں فرانسیسی کھلاڑی کیلیان امباپے کی جانب سے ایک پینلٹی گول اور پھر 90 سیکنڈ کے اندر ان کے ایک اور شاندار گول نے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ 

اضافی وقت میں میسی نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے ارجنٹینا کو تین دو کی برتری دلا دی لیکن پھر فرانسیسی کھلاڑی امباپے نے تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ارجنٹینا کی برتری ختم کردی۔

اس کے بعد اضافی ٹائم کے اختتام تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں اور مقابلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ تک پہنچا جس میں ارجنٹینا نے چار پینلٹیز سکور کر لیں۔ 

یوں فرانس کا مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل جیتنے کا خواب پورا نہ ہو سکا۔ 

ارجنٹینا کی جانب سے دو گول لیونل میسی اور ایک اینجل ڈی ماریہ نے کیا جبکہ فرانس کی جانب سے تینوں گول کیلیان امباپے نے کیے۔ 

فرانس کے کیلیان امباپے کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے پر گولڈن بوٹ ایوارڈ دیا گیا جبکہ ارجنٹینا کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز کو ٹورنامنٹ کا بہترین گول کیپر قرار دیا گیا۔

لیونل میسی کو ٹورنامنٹ کی بہترین کارکردگی دکھانے پر ’گولڈن بال ایوارڈ‘ دیا گیا۔

ارجنٹینا نے آخری مرتبہ فٹبال ورلڈ کپ سنہ 1986 میں یعنی آج سے 36 برس قبل جیتا تھا۔ ارجنٹینا سنہ 2014 کے فائنل تک پہنچا تھا لیکن اسے جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔