|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ 21 جنوری کو کوئٹہ کے نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس میں منعقدہ سمینار میں انسانی حقوق، ملک و صوبے کی معاشی اقتصادی صورتحال پر بات ہوگی، سیمینار کے انعقاد کا مقصد ڈائیلاگ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے صوبے کی آواز کو آگے بڑھانا ہے،یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرنوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان، پی ایف یو جے کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ایوب ترین، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری منظور بلوچ کو 21 جنوری کو بلوچستان پیس فورم کے زیراہتمام ہونے والے سیمینار میں شرکت کیلئے دعوت نامے دیئے۔
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان پیس فورم کے زیر اہتمام 21 جنوری کو کوئٹہ کے نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس میں نیشنل ڈائیلاگ آن دی ری ایمجننگ پاکستان کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار منعقد کیا جارہا ہے جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سابق سینیٹر و وفاقی وزیر انسانی حقوق مصطفی نواز کھوکھر، سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد خان ہوتی سمیت بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی جماعتوں کے قائدین، وکلاء رہنما، سول سوسائٹی اور ٹریڈ یونین کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہونگے، سیمینار کے انعقاد کا مقصد صوبے کی آواز موثر ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان کے کونے کونے تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیمینار دو حصوں پر مشتمل ہوگا پہلے حصے میں ٹریڈ یونین کے نمائندے، وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی آراء سامنے رکھیں گے دوسرے حصے میں معزز مہمانان اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سیمینار میں آنے والے لوگ اہمیت کے حامل ہیں۔

ہماری کوشش ہے کہ ان تک اپنی بات پہنچائیں ہماری کوشش ہے کہ سیمینار کے ذریعے شائستہ، مہذب اور مثالی انداز میں صوبے کے معاملات کو اجاگر کریں تاکہ صوبے سے پسماندگی اور محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوسکے سیمینار کے ذریعے بلوچستان مسائل اجاگر اور اپنے سوالات کے جوابات تلاش کریں گے کانفرنس میں بلوچستان کے تمام امور پر بات کرکے سنجیدہ آواز کو آگئے بڑھائیں گے تاکہ بلوچستان کے معاملات حل ہوں انہوں نے کہا کہ سیمینار میں شرکت کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے ارسال کئے جارہے ہیں تاکہ سیاسی جماعتیں بلوچستان کی آواز کو موثر انداز میں بلند کریں کوئٹہ میں سیمینار کے بعد سندھ، پنجاب، خبیر پختونخواء اور اسلام آباد میں بھی سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند نے بلوچستان پیس فورم کے زیر اہتمام ہونے والے سیمینار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی اور ان کے رفقاء کی کاوشوں سے منعقد ہونے والا سیمینار صوبے اور ملک کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے تجویز دی کہ بلوچستان پیس فورم کو تھنک ٹینک کی شکل دیکر مسائل کا حل تجویز کرکے معاشرے کو آگے لیکر بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاست کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی معیشت اور دیگر معاملات کے حل کیلئے بھی جدوجہد کرنی چاہئے۔