|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2023

کوئٹہ:  کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ، متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ، پی ڈی ایم اے، این ایچ اے، ایف ڈبلیو او سمیت ضلعی انتظامیہ نے شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کردیا ، صوبے بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ،گیس پریشر کم ہونے کے باعث شہریوں کے مسائل گھمبیر ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح کوئٹہ، ، مستونگ ،کولپور، کان مہترزئی، زیارت، خانوزئی ، مسلم باغ،لورالائی ، چمن ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ میں برفباری جبکہ ہرنائی، ژوب،قلات، سبی ، نوکنڈی،دالبندین ، خضدار، تربت، چاغی ، خاران ، واشک ،پنجگور ، کیچ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا ۔برفباری کے باعث لک پاس، زیارت، خانوزئی ، کان مہترزئی، خوجک پاس، کولپور کے مقامات پر قومی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر برف جمنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم وقفے وقفے سے پی ڈی ایم اے، این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور ضلعی انتظامیہ کی مشینری نے سڑکوں پر ہلکی اور بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا کام جاری رکھا جس سے ٹریفک کی روانی برقرار رہی تاہم بعض مقامات پر بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کو حفاظتی اقدامات کے طور پر روک دیا گیا ۔

برفباری کے دوران کوئٹہ کے سیاحتی مقام وادی ہنہ اوڑک کی جانب سیاحوں کی بڑی تعداد نے رخ کیا ۔لوگ برفباری سے محضوظ ہوتے رہے جبکہ وادی ہنہ میں برفباری کے بعد سڑکوں کو بحال رکھنے کے لئے مشینری پہنچا دی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر چمن عبدالحمید زہری نے درہ کوژک کے ٹاپ سر لیویز چوکی پر کوئٹہ چمن شاہراہ سے برف ہٹانے کے دوران کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرڈاکٹرعبدالسلام رسالدار حاجی بصیر گڑنگ لیویز انچارج دفعدار طیب خان ٹاپ سرلیویز چوکی انچارج دفعدار برات خان ڑڑہ بند لیویز چوکی انچارج دفعدار محمد زئی بھی شاہراہ کو صاف کرنے میں مصروف عمل تھے انتظامیہ این ایچ اے اور پی ڈی ایم اے کے افیسران اور اہلکاروں نے مل کر ہیوی مشینری کے ذریعے روڈ سے برفباری ہٹایا اور چمن کوئٹہ شاہراہ درہ کوژک کے مقام پر ہرقسم کی ٹریفک کیلے کلیر کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر روڈ سے برف ہٹانے اور صفائی ستھرائی مہم کی جاری کام کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بارانی اور سخت برفیلے موسم کے پیش نظر قومی شاہراہ پر عوام الناس غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کریں انہوں نے کہا کہ چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش برسانے والا ہوائیں اور بادلوں کا سلسلہ داخل ہوا ہے جس کی وجہ سے چمن شہر میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ بارش کوئٹہ میں 10 اور قلات میں 07 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو کوئٹہ، مستونگ، ژوب، بارکھان، زیارت،چمن، پشین، سبی، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ ،مسلم باغ ، قلات، خضدار، تربت،خاران، پنجگور، کیچ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ظاہر کیا ہے اس دوران جنوبی اضلاع میں چند مقا مات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔دوسری جانب صوبے میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ گیس پریشر کم ہونے کے باعث شہریوں کو شدید سردی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔