کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے)کے انتخابات میں جرنلسٹس پینل کی کامیابی پر پیغام تہنیت میں نومنتخب صدر عرفان احمد جنرل سیکریٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر اراکین کو انکی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پرامن ماحول میں جمہوری روایات کے عین مطابق بی یو جے کے شفاف انتخابات کا انعقاد خوش آئند ہے، صحافیوں نے آزادانہ طور پر اپنا حق را? دہی استعمال کر کے اپنے نمائندگان کا انتخاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے باشعور اور جمہوری سوچ رکھنے والے صحافیوں نے جس احسن انداز میں انتخابی عمل مکمل کیا وہ قابل تحسین اور قابل تقلید بھی ہے، صوبائی حکومت زرائع ابلاغ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے پناہ اہمیت دیتی ہے۔
صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں کام کرنے کے مناسب ماحول کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنے جاری کردہ پیغام میں مزید کہا ہے کہ حکومت نے صحافیوں کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل کرتے ہوئے ان کی رہائشی کالونی کی لئے اراضی الاٹ کی اور ترقیاتی فنڈز کا بھی اجراء کیا، اس منصوبے کے جلد آغاز کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔صحافیوں کے بہبود فنڈ اور کوئٹہ پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں بھی اضافہ کیا گیا،حکومت آئندہ بھی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے کاموں میں اپنا حصہ ڈالتی رہے گی۔وزیراعلیٰ نے نو منتخب کابینہ کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ نومنتخب عہدیدار اپنے ساتھیوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔