|

وقتِ اشاعت :   February 3 – 2023

وفاقی کابینہ نے وزارت قانون کی سمری کی منظوری دیتے ہوئے بے نامی ایکٹ 2017 کو فعال کر دیا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قانون کی سمری کی منظوری دیتے ہوئے بے نامی ایکٹ 2017 کو فعال کر دیا۔ وفاقی حکومت نے ٹیکس چوری، کرپشن اور مالی فراڈ میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے وزارت قانون کی سمری کی منظوری دیتے ہوئے بے نامی ایکٹ 2017 کو فعال کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی ہائی کورٹس سے تعاون حاصل کر لیا ہے، بے نامی ایکٹ کے تحت ٹرائل کے لیے عدالتوں کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت قانون نے خصوصی عدالتوں کے لیے چیف جسٹس صاحبان سے رجوع کیا، چیف جسٹس صاحبان کے نامزد کردہ نمائندوں کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں۔

یہ انتہائی مثبت فیصلہ کیا گیا ہے اگر اس پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کیا جائے تو ملک پر اثر انداز مافیاز سے تو جان چھوٹ جائے گی ،ساتھ ہی قومی خزانے میں ایک اچھی خاصی رقم بھی آئے گی ۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں بیشتر شخصیات ٹیکس ادا نہیں کرتے ،کرپشن کرکے ملکی خزانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور بوجھ بن کر مال مفت دل بے رحم کی طرح عوام کے ٹیکسزکو لوٹ جائیداد بنارہے ہیں۔ اس وقت ملک میں معاشی اصلاحات ناگزیر ہوچکی ہیں۔ مالیاتی عالمی اداروں سمیت دوست ممالک نے بھی یہی شرائط رکھے ہیں مگر ان پر عمل ہوتا دکھائی دے ،صرف عوام پر پیٹرول بم گراکر، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھا کر ان کی زندگی کو مفلوج نہ بنایا جائے۔ امید ہے کہ اب کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی ،وصولی سب سے ہوگی جو اس وقت تمام مراعات لے کر کرپشن کرکے جائیدادیں بنا رہے ہیں اور لوٹی گئی رقم کو بیرون ممالک منتقل کرکے صرف اپنے بچوں کا مستقبل بنانے میں مصروف ہیں، ان سب سے حساب لیا جائے تاکہ ملکی معیشت میں بہتری کے امکانات پیدا ہوسکیں۔