|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2023

سابق صدر پاکستان اور سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

79 سالہ پرویز مشرف دبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف اور سروسز چیف کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ریٹائرڈ جنرل کی بیماری کی خبریں 2018 میں سامنے آئی تھیں جب آل پاکستان مسلم لیگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ امائلائیڈوسس’ (Amyloidosis) کی بیماری میں مبتلا تھے۔

امائلائیڈوسس کم پائی جانے والی سنگین صورتحال کا نام ہے جو پورے جسم کے اعضا اور ٹیشوز میں امائلائیڈ نامی پروٹین کے پیدا ہونے سے ہوتی ہے، اس پروٹین کے بننے سے اعضا اور ٹیشوز کے لیے مناسب طریقے سے کام کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

برطانوی محکمہ صحت (این ایچ ایس) کے مطابق ’امائلائیڈوسس‘ (Amyloidosis) ایک غیر معمولی بیماری ہے جو کہ دراصل انسانی جسم میں پروٹین کی ایک قسم ’امیلائڈ‘ (amyloid) کے بڑھنے کی وجہ سے ہوتی ہے۔

این ایچ ایس کے مطابق ’امیلائڈ‘ (amyloid) نامی پروٹین انسانی جسم میں پہلے سے موجود نہیں ہوتا مگر یہ دیگر مختلف پروٹین سے جسم کے اندر ہی بن سکتا ہے۔

امریکا کی ’مایو کلینک‘ کے مطابق ’امائلائیڈوسس‘ (Amyloidosis) جسم کے اندرونی اعضا میں بننے والے غیر معمولی پروٹین کی بیماری ہے، جو شدید ہونے پر خطرناک ہو سکتی ہے۔

مایو کلینک کے مطابق جسم میں غیر معمولی پروٹین ’امیلائڈ‘ (amyloid) کے بڑھ جانے سے انسان کے اعضا کا کام متاثر ہوسکتا ہے اور اس سے بیک وقت متعدد اعضا فیل بھی ہو سکتے ہیں۔

امریکا کی ’جان ہاپکنس یونیورسٹی‘ کے مطابق ’امائلائیڈوسس‘ (Amyloidosis) بیماری کی وجہ بننے والا پروٹین انسان کے دل، دماغ، جگر اور دیگر اعضا کو متاثر سکتا ہے اور یہ اس بات کے بھی امکان ہے کہ مذکورہ پروٹین بیک وقت متعدد اعضا کو متاثر کرے۔

’مایو کلینک‘کے مطابق انسانی جسم میں ’امیلائڈ‘ (amyloid) کو کنٹرول کرنے کے لیے کینسر کی طرح کیموتھراپی کی جا سکتی ہے یا پھر اس وقت ڈاکٹر مرض کی پیچیدگی کو دیکھتے ہوئے دوسرے طریقے بھی آز ما سکتے ہیں۔