کراچی: کراچی پریس کلب کے لان کو معروف صحافی صدیق بلوچ کے نام سے منسوب کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے انور ساجدی ، ڈاکٹر سلیم کرد ، مجاہد بریلوی ، ڈاکٹر توصیف احمد خان ، ڈاکٹر جبار خٹک ، شاہد حسین ،مشتاق سہیل ، سینئر فوٹو گرافر ظفر احمد ، پریس کلب کے صدر سعید سربازی ، سکریٹری شعیب احمد اور عارف بلوچ نے خطاب کیا جبکہ شرکاء میں خالق زدران ، عبدالخالق مارشل ، سہیل سانگی ، امتیاز فاران ، نصرالدین مینگل ، شمس کھیریو ، ذوالفقار راجپر ، احتشام سعید پاشا ، رفیق بلوچ ، سعید جان بلوچ ، نصیر احمد ، حیدر شاہ ، بشیر احمد بلوچ ، جی ایم بلوچ ، شفیع بلوچ ، زاہد بارکزئی ، عمران فاکر ، راشد بلوچ سمیت صحافتی ، سیاسی ، علمی و ادبی شخصیات شامل تھے ۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز کراچی پریس کلب کے لان کو معروف صحافی مرحوم صدیق بلوچ کے نام سے منسوب کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ صدیق بلوچ ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے دور ِ طالبعلمی سے لیکر سیاست و صحافت تک انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ انہوں نے سندھ اور بلوچستان کی صحافت میں اعلٰی مثالیں قائم کیں۔
ان کی صحافتی خدمات کے پیشِ نظر انھیں ایک انسٹیٹیوشن کہنا بے جا نہ ہوگا۔ انہوں نے اس کارِ زار میں بے شمار شاگرد پیدا کیے جو آج صحافت میں ایک اعلیٰ مقام رکھتے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ صدیق بلوچ نے بلوچستان کی معاشیات اور سیاست پر انتہائی مستند کتابیں بھی لکھی ہیں۔ جو ان کا منفرد کارنامہ ہے۔ صدیق بلوچ کے اقدامات قابل تقلید اور آئندہ نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ علاوہ ازیں شرکاء نے کراچی پریس کلب کے اس اقدام کو بے حد سراہا۔ اور اس روایت کی حوصلہ افزائی کی۔