ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ شہروں میں پاکستانی امدادی ٹیموں اور فلاحی اداروں کی کاوشیں جاری ہیں۔
پاکستانی ریسکیو ٹیم ادیامان ترکیہ میں ٹیکنیکل سرچ آپریشن کررہی ہے، 51 رکنی اربن ریسکیو ٹیم کو ڈاکٹر رضوان نصیر لیڈ کررہے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے بھی ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبدالشکور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اپنی ٹیم کے ہمراہ ترکیہ پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے ترک رفاعی ادارے حیرات فاؤنڈیشن اور آئی ایچ ایچ کے عہدیداران کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور زلزلہ زدہ علاقوں میں پاکستانی طلبہ و طالبات اور بزنس کمیونٹی کے کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر محمد عبدالشکور نے استنبول میں ملاقات کے دوران پاکستانی طلبہ اور بزنس کمیونٹی سے اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی داد رسی میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ ترک عوام نے پاکستان میں کسی بھی آفت پر دل کھول کر مدد کی اور اب جبکہ انہیں ہماری ضرورت ہے تو ہم بھی ان کی داد رسی میں کسی طور پیچھے نہیں رہیں گے۔
الخدمت فاؤنڈیشن ملک اور بیرون ممالک سے ترک بہن بھائیوں کےلیے عطیات جمع کر رہی ہے اور ترکیہ میں برادر تنظیموں کی مدد سے پکے پکائے کھانے، فوڈ پیکج ،گرم کپڑوں، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی فراہمی جاری ہے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ڈاکٹرز کی ٹیم ضروری سامان اور ادویات کے ہمراہ ترکیہ پہنچ رہی ہے اور جلد متاثرہ علاقوں میں میڈیکل آپریشنز کا آغاز کر دے گی۔