کوئٹہ:کوئٹہ میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی کاروائی مبینہ خاتون خود کش بمبار گرفتار، خودکش جیکٹ برآمد کرلی گئی۔ ترجمان محکمہ انسداد دہشتگردی بلوچستان کے مطابق 17اور 18فروری کی درمیانی شب سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کو اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کی مبینہ خاتون خودکش بمبار کوئٹہ میں کسی اہم تنصیبات یا سیکورٹی فورسز پر حملے کی غرض سے موجود ہے
جس پر سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے سیٹلائٹ ٹاؤن بلاک 4میں لیڈیز پارک کے قریب کاروائی کرتے ہوئے پیدل جانے والی ایک مشکوک خاتون کو ایک ہینڈ بیگ کے ہمراہ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار خاتون کی شناخت ماہ بل زوجہ بیبرگ عرف ندیم کے نام سے ہوئی ہے لیڈر سرچرز نے جب خاتون کی تلاشی لی تو معلوم ہوا کہ اسکا بیگ در اصل خودکش جیکٹ ہے
جس میں 4سے5کلو گرام دھماکہ خیز مواد نصب تھا۔ ترجمان کے مطابق مبینہ خودکش بمبار خاتون کے خلاف مقدمہ نمبر/2023 9 درج کرلیا گیا ہے۔مقدمے میں ایکسپلوژو ایکٹ کی دفعات 4،5،11(F)(1)(2)(6)-11I-11Nاور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 7اے ٹی اے شامل کی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق مبینہ خودکش بمبار خاتون کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے
جبکہ گروہ کے دیگر اراکین کی گرفتار ی کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق بلوچستان کے دیگر علاقوں میں مزید کاروائیاں بھی کی جارہی ہیں۔