کوہستان میں زیر تعمیر داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے ماہرین نے دریائے سندھ کا رخ موڑ کر اہم کامیابی حاصل کرلی ہے۔
چین کے تعاون سے ضلع کوہستان کے علاقے داسو میں دریائے سندھ پر پانی سے بجلی کی پیداوار کے لیے منصوبہ زیر تعمیر ہے، اس منصوبے کو 2 مراحل میں مکمل کیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل کے بعد اس کے 12 پیداواری یونٹس سے ملک کو 4 ہزار 320 میگاواٹ سستی بجلی میسر آئے گی۔
داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے، اسے 24-2023 میں مکمل ہونا تھا لیکن کئی رکاوٹوں کی وجہ سے اب یہ 27-2026 میں مکمل ہوگا۔
زیر تعمیر داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا جس کے نتیجے میں اب دریائے سندھ اپنی قدرتی گزرگاہ کے بجائے مصنوعی ٹنل سے گزررہا ہے جب کہ دوسری ڈائی ورشن ٹنل بھی اپریل کے وسط تک مکمل ہو جائے گی۔
ہائی فلو سیزن کے دوران دریائے سندھ کا پانی دونوں ڈائی ورشن ٹنل سے گزرے گا، اس کے علاوہ دریا کا رُخ موڑنے کے بعد عارضی ڈیم پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ عارضی ڈیم مکمل ہونے پر داسو پراجیکٹ کے مرکزی ڈیم کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔
دریا کا رُخ موڑنے کے موقع پر منصوبے سے منسلک انجینئرز، انتظامی افسران اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔