|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2023

چیئرمین پاکستان علماکونسل و نمائدہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملکی حالات اس وقت انتخابات کے متحمل نہیں ہیں، پاکستان کے استحکام کیلئے سب کو ایک ہونا ہو گا، آئین اور قانون کی بالادستی میں ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل چھپا ہے۔

لاہور میں پریس کانفنرس کے دوران حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ملک دشمن بیرونی طاقتیں دفاعی و سیکورٹی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی ہیں ، تمام سیاسی جماعتیں مل کر بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کریں، سیاسی و مذہبی قیادت مشاورت سے میثاق پاکستان دے۔

علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ میثاق پاکستان کے ذریعے آئندہ 25 سال کی حکمت عملی طے کی جائے، علما معاشرے میں عدم برداشت کے رجحان کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں، عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت امن و استحکام کیلئے بات چیت کا حصہ بنیں ، ملک کی بہتری کیلئے تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں اپنا اپنا رول ادا کریں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے اور عمران خان سے اپیل ہے کہ ملکی مفاد کیلئے اے پی سی میں شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کو اے پی سی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے،اگر سیاسی و مذہبی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر نہیں بیٹھیں گی تو امن و امان کی فضا قائم نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات کا بہت شور ہے علما کونسل براہ راست انتخابات میں شرکت نہیں کریں گے ،نظریات کے قریب شخصیات کو ووٹ دیں گے کیونکہ کروڑوں روپے الیکشن لڑنے کیلئے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکیا جائے،پارلیمنٹ سے انتخابی اصلاحات منظور کروائی جائیں تاکہ جیتنے والوں کو ہارنے والا تسلیم کرے، اگر آج الیکشن کروائے گئے تو ہارنے والا جیتنے والے کو تسلیم نہیں کرے گا ،اس کا واحدحل مذاکرات ہے۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پر عمران خان محمد نوازشریف کے ساتھ بیٹھے تھے اگر کراچی میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ دہشت گردی ہوئی اس معاملے پر کیوں نہیں سب بیٹھ سکتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل کی سالانہ کانفرنس 28مارچ کو اسلام آباد میں ہوگی جس میں بیرون ممالک کے علما کرام ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں سے اپیل ہے کہ منافع کم کرکے عوام کیلئے آسانی پیدا کریں، ذخیرہ اندوزی اسلام میں حرام ہے، مجسٹریٹ قیمتوں کو کم کروانے کیلئے بھرپور اقدامات کریں ،تاجر خود آگے بڑھ کر سستے بازار لگائیں تاکہ عام آدمی مہنگائی کے دور میں روزہ رکھ سکے جس کا ثواب تاجروں کو بھی ملے گا۔