سپریم کورٹ نے امریکی سائفر کی تحقیقات کیلئے دائراپیلیں سماعت کیلئے مقررکر دیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ22فروری کو اپیل پر ان چیمبر سماعت کریں گے۔
سائفرکی تحقیقات کیلئے اپیلز ایڈووکیٹ ذوالفقاربھٹہ، طارق بدر اور نعیم الحسن نے دائر کی تھی۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواستیں اعتراض عائد کرتے ہوئے واپس کردی تھیں تاہم درخواست گزاروں نے رجسٹرار آفس کے اعترضات کیخلاف چیمبر اپیلز دائر کر رکھی ہیں۔
اس سے قبل جسٹس سردار طارق مسعود نے سائفر کی تحقیقات کے لیے دائر اپیلیں سننے سے معذرت کی تھی جس پر سائفر تحقیقات کے لیے دائر اپیلیں واپس چیف جسٹس کو بھجوائی گئی تھیں۔
خیال رہے پچھلے سال مارچ میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں جلسے کے دوران دعوٰی کیا تھا کہ ان کی حکومت کو ایک ملک کی جانب سے دھمکی آمیز سائفر موصول ہوا ہے۔بعدازاں انہوں نے ایک خطاب کے دوران امریکہ کا نام لیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی حکومت کو سازش کے تحت ختم کرایا گیا۔
سائفر کا معاملہ عدالت تک بھی پہنچا تھا اور اس کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور 21 جنوری کو سائفر کی تحقیقات کے لیے دائر چیمبر اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھیں۔