اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہمارے معاملات آخری مراحل پر ہیں اور معاہدے کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف نے دیگر وزرا کے ہمراہ پریس کی اور کہا کہ امید ہے اگلے چند روز میں آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں مہنگائی مزید بڑھے گی، پاکستان میں غریب آدمی نے ہمیشہ قربانی دی، زلزلہ ہو یا سیلاب قدرتی آفات میں ہمیشہ غریب آدمی پر بوجھ پڑا، پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالیں، پاکستان کو غربت سے نجات دلانی ہے تو اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی۔
ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف معاہدے کے نتیجے میں عام آدمی پر بوجھ پڑا تو وہ سوال اٹھائےگاکہ حکومت نے کیا کیا؟ اشرافیہ کا بچہ بیمارا ہو تو وہ فرانس میں علاج کروا سکتے ہیں، غریب کے گھر بیماری آئے پورے خاندان کی نیندیں حرام ہوجاتی ہیں کہ علاج کیسے ہوگا، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں 25 فیصد اضافہ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ تمام وفاقی وزرا، مشیر اور وزیر مملکت رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہیں لیں گے، معاونیں خصوصی نے بھی رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔