کوئٹہ/تربت: وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ تربت شہر کے لئے سٹی پروجیکٹ فیز 2 کے علاوہ ساؤتھ بلوچستان پیکج پر بھی کام جاری ہے ،ریکوڈک منصوبے کی وجہ سے بلوچستان کو آئندہ چند سالوں میں اربوں ڈالر کی آمدنی ہوگی ،
حق دو تحریک کے تمام تحفظات دور کردئے ہیں پاک ایران بارڈر کو آزادانہ تجارت کے لئے کھول دیا ہے تاکہ لوگوں کو روزگار کی سہولیات میسر ہوں،پہاڑوں پر جانے والے عناصر کو ایک دفعہ پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ کو تربت میں میڈ یا سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان میں میرٹ کی بحالی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے فیصلہ کیا ہے
کہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بلوچستان میں نچلی سطح کے ملازمین کی تعیناتیاں کی جائیںاقربا پروری کی روک تھام اور من پسند افراد کو سرکاری ٹھیکوں کے ذریعے نوازنے کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ای ٹینڈرنگ کا نظام متعارف کرایا تاکہ سرکاری کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے،سرکاری اداروں میں اس طرح کے نظام کے قیام سے سفارشی کلچر کا خاتمہ ہوگاہمارے نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ریکوڈک مسئلے کو دانش مندی سے حل کرکے بین الاقوامی عدالتوں سے ملک کو بھاری جرمانہ سے بچادیا ہماری حکومت نے ریکوڈک پروجیکٹ میں بلوچستان کو 25 فیصد حصہ یقینی بنایا،ریکوڈک منصوبے کی وجہ سے بلوچستان کو آئندہ چند سالوں میں اربوں ڈالر کی آمدنی ہوگی بلوچستان کو مالی استحکام حاصل ہوگا اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہونگی ہم نے سیندک منصوبے میں بلوچستان کو حصے کو بڑھانے میں بھی اپنا ایک بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ پہاڑوں پر جانے والے عناصر کو ایک دفعہ پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں پہاڑوں پر چڑھنے والے آئیں اور ہم سے بات چیت کے ذریعے مسئلہ کا حل نکالیںاگر وہ اپنے آپ کو بلوچستان کے عوام کا خیر خواہ سمجھتے ہیں
تو بلوچستان کے مسئلے کا حل کے لئے مذاکرات پر آمادہ ہوں۔وزیراعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ بندوق اٹھانے کی بجائے بلوچستان کے عوام کی بہتری کے لئے ہماری مدد کریں لڑائی اور جھگڑے سے ہم سب کا نقصان ہوگابلوچستان کی ترقی کے لئے تربت سمیت دیگر تمام اضلاع کو یکساں مقدار میں فنڈز فراہم کرنے کو یقینی بنایا جارہا ہے
ہماری حکومت چاہتی ہے کہ بلوچستان کے تمام علاقے ترقی کریں اور کوئی بھی علاقہ نظر انداز نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہاکہ تربت شہر کے لئے سٹی پروجیکٹ فیز 2 کے علاوہ ساؤتھ بلوچستان پیکج پر بھی کام جاری ہے وفاق اور صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی کوششوں سے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات پرامن طریقے سے مکمل ہوئے ہیں بلدیاتی انتخابات میں حکومت کی مشینری غیر جانبدار رہی ہم نے تمام سیاسی جماعتوں پر واضح کیا تھا کہ عوام کا فیصلہ ہم سب کو قبول کرنا ہوگا بلدیاتی انتخابات کے دوران انہوں نے اپنا دورہ آواران منسوخ کیا تاکہ انتخابات میں شفافیت برقرار رہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے بلدیاتی اداروں کے لئے بجٹ میں بڑی رقم مختص کی ہے بلدیاتی اداروں کو فنڈز دینگے تاکہ وہ اپنے علاقوں میں منصوبے شروع کرسکیںغریب عوام کو علاج معالجے کی سہولیات پہنچانے کے لئے صوبائی بجٹ میں ایک خطیر رقم مختص ہے۔انہوں نے کہاکہ غریب عوام کو مہلک بیماریوں کے علاج کی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جارہی ہیںبارڈر کے معاملات اور گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کے حوالے سے موثر کئے گئے ہیںحق دو تحریک کے تمام تحفظات دور کردیے ہیں
پاک ایران بارڈر کو آزادانہ تجارت کے لئے کھول دیا ہے تاکہ لوگوں کو روزگار کی سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہاکہ بارڈر پر عوام کو آنے جانے میں کوئی دشواری نہیںبلوچستان کے ساحل پر متعلقہ ادروں نے 24 کے قریب غیر قانونی ٹرالروں کو قبضہ میں لیا ہے اتنے مختصر عرصے میں سو فیصد ٹرالنگ کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حق دو تحریک کو خوامخواہ کا احتجاج اور لوگوں کے شہر میں گزرنے کے راستوں کو بلاک نہیں کرنا چاہیے۔