امریکا نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں کسی ایک سیاسی امیدوار کی حمایت نہیں کرتا۔ نہ ہی ایک پارٹی کو دوسری پارٹی پر ترجیح دیتا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان میں صرف آئینی نظام کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان میں سیاسی پارٹیوں کے درمیان ملکی سیاست پرامریکا غیرجانب دار ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ میں پاکستان میں رجیم چینج سے متعلق سوال پر نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان میں سابق حکومت کی تبدیلی پرامریکا کا واضح اور مستقل مؤقف ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا پاکستان میں کسی ایک سیاسی امیدوار کی حمایت نہیں کرتا۔ نہ ہی ایک پارٹی کو دوسری پارٹی پر ترجیح دیتاہے ۔ ہم دنیا بھر میں جمہوری، آئینی اور قانونی اصولوں کی پرامن برقراری کی حمایت کرتے ہیں اور یقیناً پاکستان بھی اس میں شامل ہے۔
مودی سرکار کی جانب سےانسانی حقوق کی پامالیوں سےمتعلق سوال پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا امریکا دنیا بھر میں انسانی حقوق کا دفاع کرتا ہے، اگر بات بھارت، پاکستان یا کسی اور ملک کی بھی ہو تو تب بھی ہمارا ایک ہی مؤقف ہے۔ امریکا انسانی حقوق کاعلم بردار ہے۔