ایران نے 2016 کے بعد پہلی بار متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے لیے نئے سفیر کی تقرری کر دی ہے اور رضا امیری جلد ہی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔
خیال رہے کہ اگست میں متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے اور وہاں سفیر کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق نئی تازہ پیشرفت خلیجی ریاستوں، ایران کے درمیان تعلقات کو ازسرنو استوار کرنیکی کوششوں کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ 2016 میں شیعہ رہنما کو سعودی حکومت کی جانب سے پھانسی کے بعد ایرانی مظاہرین نے تہران میں سعودی سفارتخانے پرحملہ کر دیا تھا، اس پر ریاض نے تہران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ جس کو دیکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے بھی بعد ایران کے ساتھ تعلقات کم کر لیے تھے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے ایران کے نئے سفیر رضا امیری وزارت خارجہ میں بیرون ملک مقیم ایرانیوں کے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
ایرانی سرکاری عہدیدار اور سعودی ملکیت والے اخبار کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان جمعرات کے روز بیجنگ میں ملاقات ہونے والی ہے۔ دونوں ملکوں کے اعلیٰ ترین عہدیداروں کے مابین گزشتہ سات برسوں کے دوران یہ پہلی ملاقات ہو گی۔
ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ چین کی سہولت کاری میں دونوں وزرائے خارجہ 6 اپریل کو بیجنگ میں ایک دوسرے سے ملاقات کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔